بنگلورو29؍دسمبر(ایس او نیوز)سابق وزیر اعلیٰ اور حکمران اتحاد کی رابطہ کمیٹی کے چیرمین سدرامیا نے کہا ہے کہ ریاست میں کمار سوامی قیادت والی مخلوط حکومت کو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے کل اعلان کیا گیا تھا کہ 24 گھنٹو ں کے اندر حکومت گرادی جائے گی ، اب چوبیس گھنٹوں کا عرصہ بیت چکا ہے۔ جن لوگوں نے یہ دعویٰ کیا تھاکہ چوبیس گھنٹوں میں حکومت گر جائے گی،حکومت نہیں گری اب وہی بتائیں کہ وہ کب سرگرم سیاست سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ سابق وزیر رمیش جارکی ہولی کے کانگریس چھوڑ دینے کی خبروں کو قیاسی قرار دیتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ وزارت سے برطرفی کے بعد ان کی ناراضی فطری امر ہے۔ اب تک ان سے رابطہ نہیں ہوا ہے۔ رابطے کے بعد ان سے بات چیت ضرور کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ رمیش جارکی ہولی کانگریس نہیں چھوڑیں گے۔کافی جدوجہد کے بعد انہوں نے سیاسی مقام ومرتبہ حاصل کیا ہے۔ کوئی بھی غلط فیصلہ ان کے سیاسی کیرئیر کو ختم کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ مخلوط حکومت کے متعلق بی جے پی قائدین کے بیانات پر تبصرے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بیہودہ بیانوں پر تبصرہ کرکے وہ اپنا وقت ضائع کرنا نہیں چاہتے۔